Tuesday 22 October 2019

بہترین انسان اور حکمران

سکول میں انگریزی کی کتاب میں ایک کہانی پڑھی تھی "دی وزڈم آف چائنہ" جس میں شہزادہ کو اس کا استاد کہتا ہے، "ایک بہترین حکمران کے لیئے یہ ضروری ہے کہ وہ ان سنی آوازیں بھی سن سکے". میرا ذاتی خیال ہے کہ یہ صلاحیت ایک بہترین حکمران کے لیئے ہی ضروری نہیں بلکہ ایک بہترین انسان بننے کے لیئے ضروری ہے، ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم بہترین انسان بننا نہیں چاہتے اور بہترین حکمران بننے کے خواب دہکھتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ہم نہ بہترین انسان بن پاتے ہیں نہ ہی بہترین حکمران، اور بدقسمتی سے اگر ہم حکمران بن بھی جائیں تو بدترین حکمران بن کر اپنی محکوم عوام کو بزور شمشیر یہ باور کروانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ ہم بہترین حکمران ہیں۔ 
یہ کائنات ابھی ناتمام ہے شاید۔۔
کہ آرہی ہے دمادم صدائے کن فیکون۔۔!
کہا جاتا ہے کہ دنیا ہمیشہ ارتقاء کے مراحل میں رہتی ہے، انسانی سوچ بھی ارتقاء میں رہتی ہے لیکن یہ سوچنا ضروری ہے کہ ہم اپنے ذہن میں پیدا ہونے والے ارتقاء سے کس حد تک مستفید ہوتے ہیں۔ میرا ذاتی خیال ہے کہ ہمارا ذہن تو پختگی حاصل کر لیتا ہے لیکن ہماری سوچ میں بالیدگی نظر نہیں آتی۔ بہت کم لوگ ہوتے ہیں جو اپنی سوچ میں خودکفیل ہوتے ہیں، ایسے لوگ دنیا کے غموں اور تفکرات کے باوجود خوش رہنا سیکھ جاتے ہیں اور حقیقی مسرت حاصل کرنے میں کامیاب بھی ہو جاتے ہیں۔ پھر یہ لوگ نہ ہی حطمہ سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی حاویہ کی فکر ان کو ستاتی ہے، کیونکہ جب انسان فکر و سوچ کی پختگی حاصل کرتا ہے اس سے کچھ پہلے لاشعوری طور اس کو ایمان کی پختگی بھی حاصل ہوجاتی ہے اور پھر وہ نہ ہی مال و دولت جمع کرتا ہے اور نہ ناپ تول میں کمی۔۔ اور پھر اس کو وہ تمام صلاحیتیں بحکم ربی عطا کی جاتی ہیں جن کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ ان سنی آوازیں بھی با آسانی سن لیتا ہے اور دل میں موجود خشیت الہی اس کو ظالم بھی نہیں بننے دیتی۔ اور جب وہ انسانیت کی اس معراج کو حاصل کر لیتا ہے تو اس کو حکمرانی بھی عطا کر دی جاتی ہے دنیاوی نہیں حقیقی حکمرانی، کیونکہ دنیاوی حکمرانی اس کے سامنے کھیل تماشہ بن چکی ہوتی ہے اور یہاں سے شروع ہوتا ہے ایک کبھی نہ ختم ہونے والا سفر۔۔۔!

سید فرحان الحسن
مشن ہولڈر پازیٹو پاکستان

No comments:

Post a Comment

Tips for Effective Reading Habit

·          Set times. You should have a few set times during every day when you’ll read for at least 5-10 minutes. ·          Find a qu...