بچپن میں ایک کھیل کھیلتے تھے جس میں کوئی ایک بچہ اچانک "سٹاپ" کہتا اور باقی سب جس حالت میں ہوتے ساکن ہوجاتے۔ زندگی بہت تیز دوڑ رہی تھی کہ یک دم کسی نے کہا سٹاپ۔۔۔اور زندگی وہیں رُک گئی.ہم اس صدی کی سب سے بڑی وبا سےگزر رہے ہیں۔ یہ وبا عذاب ہے آزمائش یا امتحان۔۔۔اس پہ بحث کا وقت نہیں رہا اب۔ اب صرف سامنا کرنے کا وقت ہے۔دنیا کی ہر چلتی ہوئی شے کو روک کر قدرت نے محصور کردیا ہے.یہ لاک ڈاون کشمیریوں کی آہ کا نتیجہ ہے، فلسطینیوں کی یا کسی اور مظلوم کی...وقت اب اس بحث کا بھی نہیں! کہ جیسے بھی سہی احساس بیدار ہورہا ہے....ضمیر جاگ رہے ہیں اور ضروری و غیر ضروری کاموں کا فرق واضح ہورہا ہے۔ محمد آصف کا ایک شعر جو ہمیشہ زندگی کے بارے میں ایک سوال کی طرح میرے سامنے رہا۔
عمر بھر طے نہ ہوسکا ہم سے
کیا اضافی ہے, کیا ضروری ہے
تو اب یہ طے کرنے کا وقت بھی ہےبلکہ طے ہورہا ہے۔ وبا کے اس دور میں جہاں ڈھیروں جانوں کا خسارا ہمارے حصے میں آیا وہیں بہت سی چیزیں نعمت کے طور پر سامنے آئیں۔
لوگوں کا ایک دوسرے کے لیے احساس اور محبت۔۔۔مال و دولت کی فیاضی اور سخاوت۔۔۔رضاکارانہ کام کا جذبہ۔۔۔ اپنا اور ۔اپنے پیاروں کا خیال۔۔۔ خدا کی دی نعمت "صحت" کا شعوری احساس۔۔۔ اور سب سے بڑھ کر''ڈھیر سارا وقت۔۔۔''وقت جس کی قلت کا رونا ہم اپنی مشینی زندگیوں میں مسلسل روتے رہتے ہیں، وہ بوریاں بھر بھر قدرت نے ہمارے گھروں میں ڈال دیا ہے۔اب ہم پہ منحصر ہے کہ ہم اپنے سابقہ رویوں اور ہٹ دھرمی پہ قائم رہتے ہوئے اس نعمت کو رائیگاں کردیں یا اسے سمیٹ کر وہ سب کام کرنے کی کوشش کریں جن کے لیے ہم وقت کی حسرت کیا کرتے تھے۔اس وقت کو خرچ کرنے کے بہت سے طریقے ہیں اور ان میں سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ وہ کام کرنے کی کوشش کریں جن کے لیے آپ کے پاس اپنی مشینی زندگی میں کرنے کا وقت نہیں ہوتا یا وہ آپ کی پسند تو ہوتے ہیں مگر ترجیح نہیں۔۔مثلاََ اپنے مشاغل جیسے باغبانی، اپنی سندیدہ کتابوں کا مطالعہ، گھر میں رہتے ہوئے کوئی چھوٹا موٹا ہنر جیسے کوکنگ، سلائی، ڈیزائننگ، گھر کی آرائش کیجیے، ان کونوں کھدروں کی سجاوٹ پہ توجہ دیجیے جنہیں روزمرہ صفائی میں آپ نظرانداز کردیتے ہیں۔ مرد حضرات ان ادھورے کاموں کی تکمیل کرسکتے ہیں جن پہ گھر کی خواتین انہیں مسلسل توجہ دلاتی رہتی ہیں۔۔۔ :) پھر ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ نے آپ کے لیے جہاں وقت کا غیرضروری استعمال پیدا کیا ہے وہیں بہت کچھ وقت کے بہتر استعمال کے لیے فراہم بھی کیا ہے۔ آن لائن کورسز، مختلف قرآنی سورتوں کی واٹس ایپ کلاسز، اور مختلف سکلز کے لیے بے تحاشا فورم موجود ہیں۔ ضرورت صرف اس چیز کی ہے کہ آپ کرونا کے ساتھ ساتھ ''موبائل سکرولنگ'' کی وبا سے بچتے ہوئے وقت کا بہتر استعمال کیجیے۔ جب آپ کی دنیا محدود ہوتی ہے تو بہت چھوٹی چھوٹی چیزیں اپنے ہونے کا احساس دلاتی اور توجہ کھینچتی ہیں۔ اس حوالے سے میرا ایک ذاتی تجربہ ہے کہ ایک بار ایک چینل پہ بیت بازی مقابلے کے لیے ہمیں کراچی جانا پڑا اور وہاں پورے سلسلہ وار مقابلہ کے لیے دو سہیلیوں کے ساتھ پورا ماہ ایک گیسٹ ہاؤس کے کمرے میں گزرا۔ اس چھوٹے سے کمرے کی دنیا میں ہم سارا دن چھوٹی چھوٹی چیزوں سے انجوائے کرتے تھے حتٰی کہ ٹی وی پہ چلنے والا نورپور دودھ کا رنگ برنگا اشتہار بھی ہم انتہائی توجہ سے دیکھتے تھے۔
ذرا نگاہ اٹھائیے! قدرتی مناظر کا لطف لیجیے۔ کھلا گہرا نیلا آسمان دیکھیے۔۔۔ان پہ اڑتے روئی کے گالوں جیسے بادل، دور تک اڑتے پرندے۔ اگر آپ نے ایک مدت سے سورج نکلتے اورغروب ہوتے نہیں دیکھا تو توجہ ادھر بھی کیجیے۔ یقین کریں شفق رنگ آسمان آپ کو مسحور کردے گا۔ پھر اگر آپ گاؤں میں رہتے ہیں تو لطف دوبالا،دورتک پھیلا سبزہ، لہلہاتے کھیت، کھلا شفاف آسمان، رات کی تاریکی میں ڈھیر سارے چمکتے ستارے، صبح رنگ برنگے پرندوں کی بولیاں، فطرت آپ کی منتظر ہے! بات یہ ہے کہ آپ کی دلچسپی کے لیے بہت کچھ موجود ہے بس آپ کی توجہ کا طالب ہے۔ وقت کو خوبصورت بنانے کے لیے آپ کے پاس کون سی جگہ میسر ہے اس کا فیصلہ تو آپ کو کرنا ہے۔بس اسے ضائع نہ ہونے دیجیے گا۔ورنہ قدرت آپ کی آزمائش کوآپ کے لیے عذاب بنادے گی۔

(سیماب عارف ، ایڈیٹر پازیٹو پاکستان میگزین)