نصیب آزما چکا ہوں، قسمت آزما رہا ہوں
کسی بے وفا کی خاطر رکشہ چلا رہا ہوں....
نظر رکشے پہ لکھے شعر پہ پڑی....ڈرائیور کم عمر سا لڑکا تھا بمشکل انیس بیس برس...
خدا معلوم اس عمر میں کون سے نصیب آزمانے کے بعد قسمت کے پیچھے بھاگ رہا تھا....اور کس بے وفا نے ماں کے لعل کو رکشہ چلانے پہ مجبور کیا تھا....🤔
مغرب میں جس عمر میں نوجوان عملی زندگی میں قدم رکھ چکے ہوتے ہیں...کچھ نہ کچھ کیریر گولز کی طرف ہوتے ہیں ہمارے ہاں ابھی تک ماں کا چاند یا تو دو کتابیں تھامے برائے نام ڈگری کرتا ہوا ابا جی کے پیسے پہ عیش کررہا ہوتا ہے....
یا ساتویں آٹھویں میں فیل ہونے کے بعد کسی بے وفا کی خاطر رکشہ چلا رہا ہوتا ہے.....🤦
(اب براہِ مہربانی یہ لیکچر نہ دیا جائے کہ کوئی کام چھوٹا بڑا نہیں ہوتا...ہم رکشہ چلانے کے بالکل بھی خلاف نہیں اگر یہ واقعی ماں باپ کا ہاتھ بٹانے کے لیے چلایا جارہا ہے)
لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ کم عمر بچے ناکام عاشق بنے پڑھائی میں عدم توجہ....بےکاری کے دن رات لیے....ٹک ٹاک کی ویڈیوز کے "ویوز" پہ فخر سے سینہ چوڑا کرنے والی مخلوق اور میسجز اور اب سوشل میڈیا پہ میسر سستی شاعری کے سٹیٹس لگائے اپنے تئیں دیوداس بنے ہوتے ہیں...(دیوداس ہمارا پسندیدہ کردار ہرگز نہیں ہے....)🙅
اس پہ بالی وڈ کی فلموں نے عشق میں مرجانے کے سوا کچھ نیا دیا ہی نہیں اس مخلوق کو.....
سو ان کی زندگی کے مقاصد انہی مسائل میں اُلجھے رہنا اور عمر گزار دینا ہے.....
پھر المیہ یہ ہے کہ ہمارے "بڑے" بھی نام نہاد تصوف کی پُڑیا میں لپیٹ کے ہیر رانجھا کے قصے سنتے ہیں....ڈراموں فلموں میں ہیرو کے حمایتی بن کر انہماک سے دیکھتے ہیں پر ان بچوں کے مسائل کو سمجھنا اور سلجھانا انہیں غیر ضروری لگتا ہے....🤐
انہی خیالوں میں اُلجھے ہوئے بائیک کی تیز آواز سنائی دیتی ہے....ایک لڑکا گریبان کھولے... بغیر سائلنسر کی بائیک پہ ون وہیلنگ کرتا ہوا زووووں کر کے گزرتا ہے....بائیک کے پیچھے لکھا ہے...
*شوکا لاپرواہ*🤦
کس قسم کا سٹف دے رہے ہیں آپ آنے والے دور کو.....
کیا کریں گے یہ بچے اس معاشرے کے لیے جب وہ اپنے لیے ہی کارآمد نہ ہوں....
خدارا انہیں سمجھیں...ان سے بات کر کے ان کے مسائل سلجھائیں....ورنہ ہمارے شوکے لاپرواہی میں نسلوں کی نسلیں خراب کرتے رہیں گے....
اللّٰہ رحم کرے...
سیماب عارف
ایڈیٹر ای-میگزین اور رہبر پازیٹو پاکستان