Sunday, 21 April 2019

ایک ملاقات

آج رات میری ملاقات ایک ایسی شخصیت سے ہوئی ہے جو تنِ تنہا اپنی قوم کے لیے بقا کا سبب بنے....ان کا بتایا ہوا ہر رستہ منزلوں کا تسلسل تھا.... تاریخ کے پچھلے پانچ سو سالوں میں ان کی قوم میں ان جیسا سوچنے والا پیدا نہیں ہوا..... ان کا خاموش رہنا گردُوں میں اضطراب کا سبب بنا اور ان کا بولنا زمیں پر ایک قوم اور ایک وطن کے تشکیل کا باعث بنا...
جی ہاں... میری ملاقات علامہ محمد اقبال سے ہوئی ہے..
اقبال... ہمیشہ کی طرح اس ملاقات میں بھی خاموش... سنجیدہ.... اور ایک گہری سوچ میں گم نظر آئے.... میں نے عقیدت سے سلام کیا اور حال احوال دریافت کیا... انہوں نے مثبت انداز میں جواب دیا... میں نے بتایا کہ میں پاکستان میں رہتا ہوں... اس ملک میں جس کی خواہش آپ نے ظاہر کی تھی.... یہ سنتے ہی اقبال نے سنجیدگی سے اپنا چہرہ اٹھا کر میری طرف دیکھا...اقبال کی آنکھوں میں نمی تھی اور لبوں پر معمولی مگر پراُمید سا تبسم...
اقبال بظاہر تو خاموش تھے مگر ایک لمحے کو مجھے یوں محسوس ہوا کہ اقبال کے اندر گونجنے والی ہر چیخ مجھے سنائی دے رہی ہے... اقبال کے تبسم کا تاثر مجھ پر یوں پڑنے لگا جیسے مدتوں سے ہجر سہتے ہوئے شخص کو وصل کی اُمّید کا خیال آنے لگے... جیسے مِیلوں دور سے یوسف کی خوشبو یعقوب کو آنے لگے... جیسے سالوں کی بنجر زمین سبزہ اُگانے کی خواہش ظاہر کرنے لگے.... اقبال خوش تھے.... اقبال خدا کے حضور شکرگزار تھے...... اقبال پرامید تھے..... اور اقبال شدید مضطرب بھی تھے...
طویل خاموشی کے بعد اقبال نے ایک گہری آہ بھری اور کہنے لگے : " برخوردار! خود پر رسولِ خدا کے فیض کی کیفیت حاوی رکھنا۔"
یہ کہہ کر وہ خاموش ہو گئے.... مگر میرے دل میں ایک شور سا اُٹھنے لگا.... میرے اوسان خطا ہونے لگے اور کندھوں پر اپنی پوری تہذیب کا بوجھ محسوس ہونے لگا... میرا یہ احساس شدید ہونے لگا کہ جس گھر کی التجا اقبال نے کی تھی... اب تک صرف اس کی پہلی اینٹ رکھی گئی ہے... اقبال یہ تو جانتے تھے کہ یہ گھر سالوں نہیں صدیوں میں تعمیر ہوگا مگر وہ اس بات پر نہایت بے چین تھے کہ اس گھر کی تعمیر روک کیوں دی گئی ہے؟؟
میں انہی سوچوں میں گم تھا کہ انہوں نے تعجب بھرے لہجے میں فرمایا: "کیا تم زندہ رہنے کی خواہش رکھتے ہو؟"
ان کا یہ کہنا تھا کہ میں شدید چونکا... اور میری آنکھ کھل گئی۔

زین نوید
ہیڈ ریڈرز کلب پازیٹو پاکستان

No comments:

Post a Comment

Tips for Effective Reading Habit

·          Set times. You should have a few set times during every day when you’ll read for at least 5-10 minutes. ·          Find a qu...